وزیراعظم شہباز شریف کا قطر میوزیم کا دورہ، فن پاروں کی تعریف

وزیراعظم شہباز شریف کا قطر میوزیم کا دورہ، فن پاروں کی تعریف

دوحہ: وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ہمراہ قطر میوزیم میں آرٹ گیلری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فن پاروں کی تعریف کی۔

وزیراعظم اور امیر قطر نے اعلیٰ سطحی وفود کی ملاقات کے بعد ایک ہی گاڑی میں دیوان امیر سے قطر میوزیم تک سفر کیا۔ اس دوران، امیر قطر نے وزیراعظم کو پاکستانی فن پاروں کی نمائش "منظر" کا خصوصی دورہ کرایا، جہاں دونوں رہنماؤں کے مابین دوستانہ ماحول میں گرم جوشی دیکھنے کو ملی۔

امیر قطر اور ان کی ہمشیرہ، قطر میوزیم کی چیئرپرسن شیخہ المیاسہ بنت حمد بن خلیفہ الثانی نے وزیراعظم کو نمائش میں موجود فن پارے دکھائے اور نمائش کے منتظمین و پاکستانی فنکاروں سے تعارف کرایا۔ وزیراعظم نے "منظر" آرٹ گیلری کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور اس کو پاکستانی فنکاروں کی پذیرائی کا ایک اہم قدم قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ نمائش پوری پاکستانی قوم کے لیے فخر کا باعث ہے اور یہ قطر اور پاکستان کے درمیان مضبوط بھائی چارے کے تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔

دورے کے دوران، وزیراعظم نے معروف پاکستانی معمار نرکا علی دادا اور دیگر فنکاروں سے بھی ملاقات کی۔ نمائش میں 1940 سے لے کر حال تک کے پاکستانی فن پارے شامل تھے، جن میں شاکر علی، صادقین، گل جی، زبیدہ آغا اور دیگر فنکاروں کے کام شامل تھے۔

قبل ازیں، وزیراعظم کی قطر کے امیر سے وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مصنف کے بارے میں