کراچی: پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار نے خلیج عدن میں 23 ایرانی ماہی گیروں کو ہنگامی صورت حال میں بچا لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ، آئی ایس پی آر کے مطابق، پی این ایس ذوالفقار ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولنگ پر تھا جب اسے ایرانی ماہی گیروں کی کشتی سے مدد کی درخواست موصول ہوئی۔
یہ کشتی اپنی بندرگاہ سے 1200 ناٹیکل میل دور تھی اور اس میں ایک رکن شدید زخمی ہوگیا تھا جبکہ کشتی کا انجن بھی خراب ہوگیا تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پی این ایس ذوالفقار کے عملے نے ایرانی ماہی گیروں کو طبی امداد فراہم کی اور ان کے انجن کی مرمت بھی کی۔
یہ امدادی کارروائی پاک بحریہ کے عزم کو ظاہر کرتی ہے کہ وہ سمندر میں متاثرہ بحری جہازوں کی حفاظت اور سلامتی کے لیے ہمیشہ تیار رہتی ہے۔