واشنگٹن: امریکہ میں صدارتی انتخابات 5 نومبر کو منعقد ہونے والے ہیں، اور اس سے قبل بزرگ اور بیمار شہریوں کی سہولت کے لیے مخصوص پولنگ سٹیشنز پر "قبل از وقت ووٹنگ" کا عمل جاری ہے۔
قبل از وقت ووٹنگ میں ایک خوش آئند تبدیلی یہ سامنے آئی ہے کہ انگریزی زبان نہ سمجھنے والے ووٹرز کو اردو زبان میں بیلٹ پیپرز فراہم کیے جا رہے ہیں۔ یہ اقدام اس قانونی ضرورت کے تحت کیا جا رہا ہے کہ ہر ووٹر کو اپنی زبان میں رائے شماری کا حق حاصل ہے۔
امریکہ میں اردو بولنے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے، جن میں پاکستانی، بنگلادیشی، بھارتی اور برمی باشندے شامل ہیں۔ شکاگو بورڈ آف الیکشنز نے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر اردو بیلٹ پیپرز کی فراہمی کا انتظام کیا ہے۔
دیگر ریاستوں میں بھی اردو میں بیلٹ پیپرز فراہم کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ یہ اقدام جنوبی ایشیائی کمیونٹی، خاص طور پر پاکستانی ووٹرز کے لیے خوشی کا باعث بن رہا ہے۔