دسمبر اور جنوری میں سی این جی سٹیشنز کو گیس کی عدم فراہمی کا حکومتی فیصلہ

04:13 PM, 31 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: حکومت نے دسمبر اور جنوری میں ملک بھر میں سی این جی سٹیشنز کو گیس فراہم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

وفاقی وزارت پیٹرولیم کے مطابق، یہ فیصلہ سخت سردیوں کے دو مہینوں کے دوران گیس لوڈ مینجمنٹ کے تحت کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت، ان مہینوں میں صنعتی یونٹس، جو گیس سے بجلی پیدا کرتے ہیں، کو بھی گیس کی سپلائی بند رہے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام گھریلو صارفین کو موسم سرما میں بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس کے تحت، چاروں صوبوں میں کیپٹو پاور اسٹیشنز کو بھی دسمبر 2024 سے جنوری 2025 تک گیس نہیں ملے گی، جس کی وجہ سے انہیں بجلی کمپنیوں کی فراہم کردہ بجلی استعمال کرنی پڑے گی۔

سوئی ناردرن گیس کمپنی لمیٹڈ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یکم دسمبر 2024 سے 31 جنوری 2025 تک سی این جی اسٹیشنز کو بند کرنے اور ان کے گیس کنکشنز منقطع کرنے کے احکامات جاری کرے۔

مزیدخبریں