طلبا یونین کی بحالی بانی پی ٹی آئی کے وژن کے تحت نوجوانوں کو اختیارات دینے کی کوشش ہے: علی امین گنڈا پور

03:56 PM, 31 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے صوبے میں طلبہ یونینز کی بحالی کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان گورنمنٹ کالج پشاور میں سرکاری کالجوں کی سولرائزیشن کے منصوبے کی افتتاحی تقریب کے دوران کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ یونین کی بحالی بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق کی جا رہی ہے اور یہ نوجوانوں کو سرکاری طور پر اختیارات دینے کا ایک اقدام ہے۔

گنڈا پور نے مزید کہا کہ نوجوانوں کا پاکستان پر حق ہے اور انہیں ملک کا مستقبل طے کرنے میں کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے آئین اور قانون کی پاسداری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ حقیقی آزادی کی جنگ جاری ہے اور ہم اس جنگ کو جیتنے کے عزم کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے عوام کو متنبہ کیا کہ فیصلہ کن جنگ کے لیے انہیں اپنے گھروں سے نکلنا ہوگا۔

قبل ازیں، وزیراعلیٰ نے 80 سرکاری کالجوں میں 10 کے وی اے سولر سسٹم کی تنصیب کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ ہر کالج میں سولر سسٹم کی تنصیب کی کل لاگت 24 لاکھ 10 ہزار روپے ہے، جو ماہانہ 55 ہزار روپے کی بجلی کی بچت کرے گی۔ اس منصوبے کی لاگت تین سال سے بھی کم عرصے میں پوری ہو جائے گی۔

مزیدخبریں