اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اعلان کیا ہے کہ لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر یہ حملہ باعث تشویش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سابق چیف جسٹس صاحبان کو دورے کے دوران سفارتخانے کی جانب سے سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، اور پاکستانی سفارتخانہ اس معاملے میں ضروری اقدامات کر رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے غیر ملکی دوروں پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم اس وقت قطر کے دو روزہ دورے پر ہیں، جہاں وہ امیر قطر اور قطری ہم منصب کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے، جس میں تجارت، سرمایہ کاری اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوگی۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے مزید کہا کہ وزیراعظم حال ہی میں سعودی عرب میں تھے، جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ویتنام کے وزیراعظم سے بھی ملاقات کی۔
برکس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے برکس میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور ملک تمام مطلوبہ شرائط کو پورا کرتا ہے۔
چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی باشندے ہمارے اہم مہمان ہیں، اور ملک چینی باشندوں، منصوبوں اور کمپنیوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔