میلبرن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں کرکٹ کی کنڈیشنز ہمیشہ مشکل ہوتی ہیں، اور پاکستان کے لیے یہاں سیریز آسان نہیں ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اگر پاکستان ایک بھی ون ڈے میچ جیت جاتا ہے تو یہ ایک بڑی کامیابی ہوگی، جبکہ ٹی 20 سیریز میں بہتر کارکردگی کی امید ہے۔
میلبرن میں ایک آن لائن پریس کانفرنس کے دوران وسیم اکرم نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے کہا کہ بھارت سے مثبت اشارے مل رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو متعدد آفرز کی ہیں اور بھارت کو پاکستان آنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویرات کوہلی، ہاردک پانڈیا اور سوریا کمار یادیو کے پاکستان میں بہت مداح ہیں، اور دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان رابطے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ وسیم اکرم نے بھارتی حکام سے اس معاملے پر غور کرنے کی درخواست کی۔
محسن نقوی کے بارے میں بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ وہ کرکٹ کے فروغ کے لیے اچھا کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں ایک نوکری کی آفر ہوئی، لیکن وہ 9 سے 5 کی روایتی نوکری کے لیے نہیں ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے محمد رضوان کی کپتانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہترین انتخاب ہیں اور انہیں کھیل پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے۔
وسیم اکرم نے ہوم ایڈوانٹیج کے لیے پچز بنانے پر تنقید کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دشمنوں کی ضرورت نہیں، ہم خود ہی کافی ہیں۔ انہوں نے اس تنقید کو سمجھ سے باہر قرار دیا۔