لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ سکھ یاتریوں کے لئے پاکستان آمد پر کوئی ویزہ فیس نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سکھ یاتریوں کو ایئرپورٹ پر صرف 30 منٹ میں ویزہ حاصل کرنے کی سہولت دی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے یہ بات امریکا سے آئے سکھ یاتریوں کے 44 رکنی وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی، جس میں انہیں سٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں مہمان بنایا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ یو ایس پاسپورٹ رکھنے والے سکھ یاتریوں کے لئے ویزہ آن آرائیول کی سہولت موجود ہے، اور حکومت چاہتی ہے کہ ہر سال 10 لاکھ سکھ یاتری پاکستان آئیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حسن ابدال، ننکانہ صاحب، اور کرتاپور کے علاوہ بھی دیگر مقامات کی سیر کے لئے دروازے کھولے جائیں گے۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ سکھ یاتریوں کو کسی قسم کے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے 124 ممالک کے لئے ویزہ فری سہولیات فراہم کی ہیں، اور سکھ کمیونٹی کو 30 منٹ میں ویزہ حاصل کرنے کے لئے آن لائن فارم جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کے لئے الگ کوٹہ بھی مختص کیا جائے گا، خاص طور پر بھارت سے آنے والوں کے لئے۔