برطانوی ہائی کمشنر سے کہا خود افغان شہریوں کو ویزا دینے میں 2 سال لگا دیے ، ہم ایسا کرتے ہیں تو حیرانی کیوں؟ سرفراز بگٹی

07:42 PM, 31 Oct, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد :نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کاکہنا ہےکہ  کوئٹہ میں افغان باشندوں سے پیسے لینے کے الزام میں 2 ایس ایچ اوز معطل کیے جاچکے ہیں۔

نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے وی نیوز کے وسیم عباسی کو انٹرویو میں کہاکہ  وزیراعظم  کی بہت واضح ہدایات ہیں کہ کہیں پر بھی کسی افغان باشندے خاص طور پر خواتین اور بچوں کے ساتھ بدسلوکی ہوئی یا ہراسمنٹ کی کوئی شکایت آئی تو اس ضلعے کے ایس پی اور اعلی حکام کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔کوئٹہ میں افغان باشندوں سے پیسے لینے کے الزام میں 2 ایس ایچ اوز معطل کیے جاچکے ہیں۔


 غیر قانونی افغان باشندوں کی واپسی کی ڈیڈ لائن میں کوئی توسیع نہیں ہوگی تاہم افغان باشندوں کے ساتھ بدسلوکی پر متعلقہ حکام کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ہم نے رضاکارانہ واپسی کے لیے یکم نومبر کی تاریخ رکھی ہے اور 2 نومبر سے اس حوالے سے ایکشن شروع کردیا جائے گا، یعنی اس وقت جو بھی غیر قانونی فرد یہاں رہا تو ہم انہیں پکڑیں گے، انہیں ہولڈنگ سینٹر میں رکھیں گے، ان کے بائیومیٹرک کریں گے اور ان کو وہاں اپنی بساط کے مطابق خوراک اور صحت کی سہولیات دیں گے، اور پھر اس کے بعد ہم ان کو ڈی پورٹ کردیں گے۔ 


ان کاکہنا تھا کہ  غیر قانونی شہریوں کی اکثریت کا تعلق افغانستان سے ہے تو میں برازیل کا نام تو نہیں لے سکتا۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ہاں سرحد پار سے دہشتگردی نہ ہو، سمگلنگ نہ ہو، جرائم کم ہوں، اس کے لیے ہم پہلے غیر قانونی افراد کو باہر نکالیں گے اور پھر ہم اپنی سرحدوں کو محفوظ بنائیں گے۔ 

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ جو افغان شہری پاکستان کی ترقی میں حصہ لینا چاہتے ہیں وہ قانونی طریقے سے آئیں ان کی بھرپور مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو افغان شہری پاکستان واپس آنا چاہتے ہیں وہ ویزا لیں پھر چاہے وزٹ کریں یا کاروبار کریں یا خاندان وغیرہ سے ملیں، ان پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔

نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ان کے پاس برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ آئی تھیں۔ میں نے ان سے پوچھا کہ افغان شہریوں کو اپنے ملک امیگریشن کے لیے لے جانے میں آپ کو کتنا وقت لگا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ 2 سال۔ میں نے اس کی وجہ پوچھی تو ان کا کہنا تھا کہ امیگریشن کے معاملات میں وقت لگتا ہےتو میں نے ان سے کہا کہ آپ  اپنے ملک میں امیگریشن کے حوالے سے کتنے حساس ہیں، اب اگر ہم اپنی امیگریشن کے حوالے سے حساس ہونا چاہتے ہیں تو آپ کو اس پر حیرانی کا اظہار کیوں ہوتا ہے؟۔ہمارے ہاں آرٹیکل 6 کا سب کو پتا ہے جو سنگین غداری سے متعلق ہے مگر آرٹیکل 5 کا کسی کو نہیں پتا جو ریاست کی طرف غیر مشروط وفاداری سے متعلق ہے۔

مزیدخبریں