اسلام آباد : سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ الیکشن کے سوا چارہ نہیں ہے، الیکشن تو ہونے ہی ہیں اورجنوری میں انتخابات ہوجائیں گے۔
نیو نیوز پروگرام "نیوز ٹاک یشفین جمال کے ساتھ" میں گفتگو کرتے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اس وقت تمام سیاسی جماعتیں ایکٹیو ہوچکی ہیں ۔ 9مئی کا واقعہ بہت افسوسناک تھا۔
انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو بیٹھ کر ایک سسٹم بنانا پڑیگا، جس میں ہار جیت کو تسلیم کیا جائے۔مخالف سیاستدانوں کی سیاست سے ایک دوسرے کا نقصان ہوا ہے۔ سیاست میں کرسی آسانی سے نہیں ملتی، کرسی چھیننا پڑتی ہے۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلتی رہی، یہ ایک ریکارڈ ہے۔ مفاہمت کی بات بہت خوش آئند ہے، سیاسی پارٹیوں کو مفاہمت کرنی چاہیئے۔سب سے پہلے شہید بینظیر بھٹو نے مفاہمت کی داغ بیل ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جتنے چیلنجز ہوتے ہیں اسکی درستگی کیلئے 5سال بھی کم ہوتے ہیں۔ سیاستدان اگر مینڈیٹ سے آتے ہیں تو اسے کچھ نہیں ہوسکتا۔