اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے کہا ہے کہ 90 دن میں انتخابات نہ ہونا آئین کی پامالی ہے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی نگران حکومتیں بجٹ پیش نہیں کرسکتیں۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا کہ آئین کی پامالی مزید پامالیوں کا راستہ کھولتی ہے۔ آئین کی پامالی ہوئی کہ 90 دنوں میں انتخابات کا انعقاد نہیں ہو سکا۔ پنجاب اسمبلی تحلیل ہوئی تو بجٹ نگران حکومت نے پیش کیا۔
رضا ربانی کا کہنا تھا کہ نگران حکومت نے جون تا اکتوبر بجٹ کی منظوری دی۔ کل چار ماہ کے لئے مزید پنجاب کی نگران کابینہ نے بجٹ کی منظوری دی۔ یہی صورتحال خیبرپختونخوا کی بھی ہے۔ یہ آئین کی شق 126 کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت دوسرے بجٹ کی منظوری نہیں دے سکتی۔ نگران وفاقی حکومت جلد از جلد عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔ آدھے سینیٹ کی غیر موجودگی سے ایک نیا آئینی بحران کھڑا ہو گا۔