بیجنگ : چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ خواتین کا کردار انتہائی اہم ہے اور انہیں خاندان کا ایک نیا رجحان شروع کرنا ہوگا کیونکہ چین عمر رسیدہ آبادی میں اضافے اور شرح پیدائش میں ریکارڈ کمی سے نبرد آزما ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے کمیونسٹ پارٹی کے تحت کام کرنے والی آل چائنا ویمن فیڈریشن کی نئی قیادت کے ساتھ گفتگو کرتے کہا اچھا کام کرنا نہ صرف خواتین کی اپنی ترقی سے متعلق ہے بلکہ خاندانی ہم آہنگی، سماجی ہم آہنگی، قومی ترقی اور مستقبل سے بھی وابستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ شادی اور بچے پیدا کرنے کے نئے کلچر کو فروغ دینے اور شادی، بچے کی پیدائش اور خاندان کے بارے میں نوجوانوں کے نقطہ نظر پر رہنمائی کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ بچوں کی دیکھ بھال کے زیادہ اخراجات، کیریئر کی رکاوٹ، صنفی امتیاز اور شادی نہ کرنے جیسے عوامل نے بہت سی نوجوان چینی خواتین کو بچے پیدا کرنے سے روک دیا ہے۔