گوجرانوالہ : سابق چیئرمین عمران خان نے پہلے اسٹیبلشمنٹ کو دھمکیاں دیں بات نہ بنی تو ترلے منت پر آگئے۔کہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ کو اللہ کا واسطہ ہے چوروں کا ساتھ نہ دیں۔ لانگ مارچ میں مختلف مقامات پر مختلف بیانات۔۔پاکستانی قوم بھیڑ، بکریاں نہیں، انسان ہیں۔ خدا کیلئے پاکستانی قوم کو جانور نہ سمجھو۔اللہ سے دعا کرتا ہوں مجھے ارشد شریف والی موت دے۔ چیف الیکشن کمشنر کو دھمکی دیتے ہوئے کہا سکندر سلطان نے مجھے بدنام کیا،عدالت نے میری نااہلی ختم کردی۔ حکومت نے توشہ خانہ،فارن فنڈنگ کیس میں پھنسایا ۔ قوم ابھی تک آزاد نہیں۔
نیو نیوز سے گفتگو اور گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے چوتھے روز کے اختتام پر خطاب کرتے عمران خان نے کہا کہ ہماری بات نہ مانی تو خونیں انقلاب آئے گا۔ سوال یہ ہےانقلاب بیلٹ سے آئے گا یاخون خرابے سے؟ ۔چھ ماہ سے انقلاب برپا ہوتے دیکھ رہا ہوں۔جو بھی چوروں کا ساتھ دے گا،رگڑا جائے گا،قوم ان کےساتھ نہیں ۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وہ منگل کا سارا دن گوجرانوالہ میں گزاریں گے۔ نہ کسی کے سامنے جھکا ہوں اور نا قوم کو کسی کے سامنے جھکنے دیں گے۔ کسی کے غلام نہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کی قوم غلامی کی زنجیریں توڑے۔ عمران خان نے شہباز شریف پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی ’16 ارب کی چوری‘ پکڑی گئی۔ اُنھوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام چوروں کی چوری ایک طرف اور شہباز شریف اور ان کے بیٹے کی چوری ایک طرف۔
اُنھوں نے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف فکر نہ کرو میں نے تمھیں این آر او نہیں دیا، جنھوں نے این آر او دیا ان سے پوچھو۔ جاگی ہوئی زندہ قوم ان کا انتظار کر رہی ہے اور وہ یہاں آنے کے بعد واپس نہیں جا سکیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ جب بھی نواز شریف سے پوچھا جاتا ہے کہ اتنی ملکیت کیسے بنائی تو وہ بھگوڑا باہر بھاگ جاتا ہے اور وہاں سے سازش کرتا ہے اور اب وہ بھگوڑا باہر بیٹھ کر انتظار کر رہا ہے کہ یہاں ماحول سازگار ہو اور طاقتور حلقوں سے ’انڈراسٹینڈنگ‘ ہو تاکہ وہ پھر سے واپس آجائے۔
انہوں نے بغیر نام لیے کہا کہ اگر آپ زبردستی کوشش کریں گے کہ ہم ان چوروں کی حمایت کریں یا ان کی قیادت کو قبول کریں تو قوم آپ کے خلاف ہو جائے گی اور جو ان کے ساتھ ہوگا قوم ان کے خلاف ہوگی۔
عمران خان نے کہا کہ اداروں کی مضبوطی اس وقت ہوتی ہے جب قوم ان کے پیچھے کھڑی ہو اور اگر اداروں کا خیال ہے کہ وہ چوروں کے ساتھ کھڑے ہوں اور بھیڑ بکریاں بھی ان کے پیچھے لگ جائیں گی، بھیڑ بکریاں تو پیچھے لگ جائیں گی مگر پاکستانی قوم نہیں لگے گی۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف نے پہلے آصف زرداری، نواز شریف کو چوری میں نکالا اور پھر اپنی کرسی بچانے کے لیے دونوں کو این آر او دیا۔
عمران خان نے کہا کہ پیسہ پاکستانی قوم کا تھا اور ان کو معاف پرویز مشرف نے کیا جس کا اپنا پیسہ تھا ہی نہیں جبکہ ان دونوں نے مل کر 10 سال ملک لوٹا اور بند کمروں میں فیصلہ ہوا جس کے بعد تھوڑے سے لوگوں نے ملک کے مستقبل کا بیڑا غرق کیا۔