کامونکی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر جیسا بڑا جھوٹا اور دو نمبر آدمی نہیں دیکھا، اس بدنیت آدمی نے مجھے نااہل کر دیا تھا، چیف الیکشن کمشنر کے خلاف 10 ارب روپے کا ہرجانہ کروں گا۔
تفصیلات کے آج کامونکی سے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کا چوتھا روز شروع ہوا جہاں عمران خان نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافی صدف نعیم کے گھر اظہار تعزیت کیلئے گیا اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کر کے فاتحہ خوانی کی، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے وہ مرحومہ صدف نعیم کے لواحقین کو صبر دے۔
ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت اسلام آباد کی طرف بڑھتے مارچ کی کوریج روک رہی ہے، چیف الیکشن کمشنر جھوٹے اور دو نمبر آدمی ہیں، ان سے بڑا جھوٹا اور دو نمبر آدمی نہیں دیکھا، اس بدنیت آدمی نے مجھے نااہل کردیا تھا جبکہ عدالت نے میری نااہلی ختم کر دی، چیف الیکشن کمشنر کے خلاف 10 ارب روپے کا ہرجانہ کروں گا۔
عمران خان نے کہا کہ اس نے کرپٹ امپورٹڈ حکومت کو خوش کرنے کیلئے میرے خلاف سوال اٹھایا، اس شخص نے میری دیانتداری پر سوال اٹھایا، سکندر سلطان کو عدالت میں کھڑا کر کے اس سے پیسے نکلواو¿ں گا، آئندہ یہ شخص کسی کو نااہل کرنے کی جرات نہیں کر سکے گا، اس شخص نے چوروں کو خوش کرنے کیلئے ممنوعہ فنڈنگ اور توشہ خانہ میں میرا نام لیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا ایک بھی غیر قانونی کام کیا ہو تو عدالتی فیصلے کا انتظار نہیں کروں گا خود چھوڑ دوں گا، کرم میں چوروں کا ٹولہ میرے خلاف مل کر الیکشن لڑرہا تھا، کرم کے لوگوں نے دگنی لیڈ سے مجھے کامیاب کر کے انہیں مسترد کیا، کرم میں الیکشن مہم نہیں چلائی پھر بھی عوام نے کامیاب کرایا، لوگ اس کرپٹ امپورٹڈ حکومت سے نفرت کرتے ہیں، ان لوگوں سے جو ملے گا وہ ان کے رنگ میں رنگ جائے گا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ پرویزمشرف نے ان دونوں چور خاندانوں کو چوری پر ہٹایا، پوری قوم ان چوروں سے بہت زیادہ تنگ تھی، پرویز مشرف نے بند کمرے میں انہیں این آر او دیدیا، ان چوروں نے 10 سال ملک کو بہت زیادہ لوٹا، 2018 کے الیکشن میں عوام نے مجھے منتخب کیا، ہم نے 4 سال عوام کی بھرپور خدمت کی لیکن امپورٹڈ حکومت کو سازش کے ذریعے ہم پر مسلط کر دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انسانوں کے معاشرے میں انصاف ہوتا ہے، جانوروں کے معاشرے میں جنگل کا قانون ہوتا ہے، چیف جسٹس کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے اعظم سواتی کا کیس سنا، چیف جسٹس سے گزارش ہے شہبازگل کا کیس بھی سنیں، ملک اس وقت تگڑا ہو گا جب ادارے مضبوط ہوں گے، ادارے اس وقت مضبوط ہوتے ہیں جب قوم ان کے ساتھ کھڑی ہو، فوج پر جو تنقید کرتا ہے اس کا جینا مرنا اس ملک کیلئے ہوتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کی طرح ملک سے نہیں بھاگا، میرا جینا مرنا اس ملک میں ہے، اللہ سے دعا ہے مجھے ارشد شریف جیسی موت دینا، گیدڑ جیسی موت نہ دینا، یہ تبدیلی کا وقت ہے، انصاف ہمیں آزاد کرے گا، سب لوگ مل کر میرے ساتھ اسلام آباد پہنچیں، یہ آزادی کی جنگ ہے، عوام حقیقی تبدیلی کیلئے میرا ساتھ دے، جس قوم میں انصاف نہیں ہوتا، وہ ملک خوشحال نہیں ہوتا۔
چیف الیکشن کمشنر جھوٹا اور دو نمبر آدمی، اس کیخلاف 10 ارب روپے کا ہرجانہ کروں گا: عمران خان
03:11 PM, 31 Oct, 2022