ڈی جی خان : اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان تمہارا وقت پورا ہوگیا ۔حکومت میں آخر جنوبی پنجاب کو وسطی پنجاب بناؤ گا۔
ڈی جی خان میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے شہباز شریف نے کہا کہ عوام آج پی ٹی آئی اور ن لیگ کی حکومت کا موازنہ کرلیں پتا چل جائے گا کون چور ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چینی 120 روپے کلو ہوگئی ہے یہ چور وزیر اعظم رہا تو 420 روپے کلو تک پہنچ جائے گی۔عمران خان کو نکالنے کیلئے لانگ مارچ بھی ہوگا۔ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔
انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو ان کے پرانے بیانات یاد دلاتے ہوئے کہا کہ کون کہتا تھا کہ مہنگائی ہوجائے تو وزیر اعظم چور ہوتا ہے ۔ ڈالر اوپر چلا جائے تو وزیر اعظم چور ہوتا تھا اب بتاؤ کون چور ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ڈی جی خان میں عوام کا یہ سمندر سلیکٹڈ عمران خان نیازی کو جواب دینے کے لیے تیار ہے ۔ عوام کو خوشخبری دیتا ہوں کہ اچھا وقت آنے والا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان اتنے تو 70 سال میں کسی حکومت نے قرض نہیں لیا جتنا تونے تین سال میں لیا اور ملک بھر میں ایک اینٹ بھی نہیں لگائی۔ عمران خان تم نے عوام کی زندگی اجیرن کردی۔ عمران خان کنٹینر پر گلے پھاڑ پھاڑ کر کہتا تھا کہ کرپشن ہوتو وزیر اعظم چور ہوتا ہے اس دور میں کرپشن کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں۔