لاہور: ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے سپر 12 راؤنڈ میں آج دو مقابلےہونگے، پہلے میچ میں افغانستان اور نمیبیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ دوسرا میچ بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ابوظہبی کے میدان میں افغانستان کی ٹیم اور نمیبیا کے درمیان زور کا جوڑ پڑے گا۔ دن کا پہلا میچ 3 بجے شروع ہو گا۔ ورلڈ کپ میں یہ دونوں ٹیمیں پہلی بار آپس میں میچ کھیلنے جا رہی ہیں۔
دوسرا میچ شام سات بجے دبئی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یہ مقابلہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مقابلوں میں انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے جس میں دونوں ہی ٹیمیں جیت کیلئے خوب زور لگائیں گی تاکہ ورلڈ کپ کی دوڑ سے آؤٹ ہونے سے بچا جا سکے۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیمیں پاکستان سے شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر کمزور پوزیشن رکھتی ہیں۔ آج کھیلا جانے والا میچ دونوں ٹیموں کیلئے اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ ورلڈکپ کے سیمی فائنل مرحلے کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے اپنی پوزیشن کو بہتر بنا سکیں ۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے دونوں ٹیمیں دو بار ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں آمنے سامنے آ ئی ہیں۔ جن میں نیوزی لینڈ نے فتح حاصل کی جبکہ انڈین ٹیم اپنی پہلی جیت کی منتظر ہے، تاہم اس بنیاد پر کیویز کی ٹیم آج بھارتی ٹیم کی نسبت بہتر مورال کیساتھ میدان میں اترے گی۔