حکومت اور کالعدم مذہبی تنظیم کے درمیان معاملات طے پا گئے

PTI government, banned religious organization, TLP,

اسلام آباد : حکومت اور کالعدم مذہبی تنظیم کے درمیان معاملات طے پا گئے ، حکومت کی جانب سے مذاکرات کامیاب ہونے کا اعلان جلد کیا جائے گا ۔

حکومتی ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور مفتی منیب نے اس سلسلے میں جو پریس کانفرنس کرنی تھی وہ تاخیر کا شکار ہو گئی ہے ۔

شاہ محمود قریشی پی آئی ڈی سے یہ کہہ کر روانہ ہو گئے ہیں کہ علی محمد خان اور اسپیکر قومی اسمبلی میرا انتظار کر رہے ہیں ۔ جس پر صحافیوں نے پوچھا کہ پریس کانفرنس پھر کب ہو گی لیکن شاہ محمود قریشی جواب دیئے بغیر چلے گئے ۔

ذرائع مذاکراتی کمیٹی کے مطابق ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تمام اراکین کو اسپیکر ہاؤس میں طلب کرلیا ہے ۔ علی محمد خان ، مفتی منیب الرحمٰن اور دیگر اراکین بھی اسپیکر ہاؤس میں موجود ہیں ۔ کالعدم تنظیم کی شوریٰ کے اراکین کی آمد کا انتظار ہے ، اسپیکر ہاؤس سے تمام اراکین اکٹھے پریس کانفرنس میں آئیں گے ۔

واضح رہے کہ کالعدم تنظیم کے لانگ مارچ کے باعث وزیر آباد سے سیالکوٹ اور گجرات جانے والے راستے بند ہیں ۔ اس کے علاوہ جہلم کے دونوں پل مکمل طور پر بند ہیں ۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی نظام زندگی درہم برہم ہے ۔ میٹروبس سروس اور پبلک ٹرانسپورٹ معطل جبکہ مری روڈ مکمل بند ہے ۔ جی ٹی روڈ پر آمدورفت بند ہونے سے اشیائے خوردونوش کی شدید قلت ہے ۔