اوکاڑہ: نواز شریف اور ایاز صادق کے بیانیے کے بعد مسلم لیگ ن کی صفوں میں ہلچل مچ گئی۔ سابق پارلیمانی سیکرٹری برائے دفاع اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے سردار منصب ڈوگر نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ منصب ڈوگر نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے ملک دشمن بیانیے کا ساتھ نہیں دے سکتا۔ مسلم لیگ ن کے ساتھ اپنی 25 سالہ رفاقت کو آج قربان کر دیا ہے۔ پاک فوج اس ملک کی حفاظت کی ضامن ہے اور ہم پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سردار منصب ڈوگر کا مزید کہنا تھا کہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے بیان سے دلی دکھ ہوا۔ پتا نہیں کس کی خوشنودی کے لئے پاک فوج کی فتح کو بدلنے کی کوشش کی ہے آپ میاں نواز شریف کی خوشامد کر کے سپیکر بن گئے حالانکہ آپ اس کے اہل نہیں تھے۔
مسلم لیگ ن کے ایم پی اے علامہ غیاث الدین نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے ایمان والو اللہ تعالی سے ڈرو اور سیدھی بات کرو۔ کچھ عرصہ سے چند سیاسی پارٹیاں فوج کے متعلق زہر اگل رہی ہے۔ پاک فوج امن کی ضمانت ہے اور میرے علاقے آئے روز شہداء کی جسد خاکی آ رہے ہیں، مسلم لیگ ن کے سربراہ نوازشریف بیماری کا بہانہ بنا کر باہر چلے گئے۔
لیگی ایم پی اے کا کہنا تھا کہ ایاز صادق کے بیان پر کارروائی ہونی چاہیے اور پاکستان مخالف قوتوں کو اس بیان پر خوشی ہوئی۔ پاکستان قوم کو اس بیان پر تکلیف ملی جبکہ نوازشریف اور ایاز صادق اپنے بیان کی تردید کریں کیونکہ یہ اس وقت بیان اپنے ذاتی مقاصد کے لئے دے رہے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے دو رکن صوبائی اسمبلی نشاط ڈاہا اور یونس انصاری نے کہا تھا کہ ایاز صادق کے متنازع بیان کے بعد سرشرم سے جھک گئے ہیں۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ن لیگی ممبر صوبائی اسمبلی نشاط ڈاہا کا کہنا تھا کہ مجھے بڑا دکھ ہوا جو ایاز صادق نے بیان دیا۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی کے بیان سے میرا سر شرم سے جھک گیا ہے اور اگر آپ لوگوں نے بھارت کو خوش کرنا ہے تو وہاں چلے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بطور ن لیگی مجھے آج شرم آ رہی ہے، نواز شریف اور ایاز صادق کے بیانیے سے پوری قوم کو دکھ ہوا۔ جو آپ لوگ کر رہے ہیں یہ ملک کے لئے بہتر نہیں ہے جبکہ میں نواز شریف اور ایاز صادق کے بیانیے کی مخالف کرتا ہوں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یونس انصاری کا کہنا تھا کہ 35 سال سے ہمارا خاندان سیاست میں ہے۔ میرے بھائی کو اللہ تعالیٰ نے ایم پی اے بنایا اور شرمندگی ہو رہی ہے کہ قومی اسمبلی میں کیا ہو رہا یے جبکہ ٹانگیں کانپنے والے بیان پر ایاز صادق کو شرم آنی چاہیے تھی۔