ابو ظبہی: ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ کرس گیل نے اپنے نام کر لیا۔ ٹی 20 کرکٹ میں 1 ہزار چھکے لگانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے۔
کرس گیل نے ٹی 20 کرکٹ میں ایک ہزار چھکے لگا دیے۔ انہوں نے یہ کارنامہ آئی پی ایل کے ایک میچ کے دوران سرانجام دیا۔ کنگز الیون پنجاب کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے میچ میں 8 چھکے لگائے۔ کرس گیل کے ٹی 20 کرکٹ میں چھکوں کی تعداد 1001 ہے جبکہ انہوں نے اس فارمیٹ میں 1041 چوکے بھی لگائے ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ کرس گیل ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کرکٹر بھی ہیں۔ انہوں نے کرکٹ کی مختصر ترین فارمیٹ میں 13 ہزار سے زائد بنائے ہوئے ہیں۔ ٹی 20 کرکٹ مٰں رنز کے حساب سے دوسرے نمبر کرس گیل کے ہم وطن کیرن پولارڈ ہیں جنہوں نے اس فارمیٹ میں 10425 جبکہ پاکستانی کرکٹر شعیب ملک تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے 10141 رنز بنا رکھے ہیں۔
کرس گیل دنیا بھر کی لیگز میں شرکت کرتے ہیں، انہوں نے پاکستان سپر لیگ کے ایڈیشنز میں بھی شرکت کی۔ جہاں وہ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے دکھائی دیے۔
خیال رہے کہ کرس گیل نے ون ڈے کرکٹ میں بھی 10 ہزار رنز بنا رکھے ہیں۔ اور انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں بھی 331 چھکے لگا رکھے ہیں۔ اس ریکارڈ میں کرس گیل دوسرے نمبر ہیں۔ ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے پاکستانی آل راؤنڈر اور سابق کپتان شاہد آفریدی نے لگا رکھے ہیں۔ انہوں نے ایک روزہ میچوں میں 351 چھکے لگا رکھے ہیں۔