لاہور: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کے جلسے کے بعد مسلم لیگ (ن) بلوچستان میں اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) میں اختلاف سابق وزیر اعلیٰ نواب ثنااللہ زہری کو جلسے میں نہ بلانے پر ہوا جب کہ (ن) لیگ کی مرکزی قیادت نے ثنا اللہ زہری کو نہ بلانے کا فیصلہ کیا اور پارٹی کی مرکزی قیادت کے فیصلے پر صوبائی رہنماؤں کو تحفظات ہیں۔
ن لیگ بلوچستان کے صدر عبدالقادر بلوچ نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پی ڈی ایم سیکریٹری جنرل شاہد خاقان عباسی نے ثناءاللہ زہری کو جلسے میں مدعو کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
ثناء اللہ زہری کو نہ بلانے کا فیصلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلی قیادت اور پارٹی نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ جعفر مندوخیل کو صوبائی صدر بنانے کی بات محض افواہ ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اختر مینگل اور ثنااللہ زہری کے درمیان تنازع ہے اور ہم نہیں چاہتے تھے کہ ثنا اللہ زہری جلسے میں شریک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عبدالقادر بلوچ استعفیٰ دینا چاہیں تو ان کی مرضی ہے۔
خیال رہے کہ عبدالقادر بلوچ نواز شریف کی کابینہ میں وفاقی وزیر بھی رہ چکے ہیں اور اس وقت مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر ہیں جب کہ ثنااللہ زہری وزیراعلیٰ بلوچستان رہ چکے ہیں۔