ہالی ووڈ اداکارہ سکارلٹ جانسن نےخاموشی سے تیسری شادی کرلی

01:08 PM, 31 Oct, 2020

نیو یارک :’بلیک وڈو، اوینجرز اینڈ گیم، فال اور نارتھ‘ جیسی فلموں میں شاندار اداکاری کرنیوالی 35 سالہ ہالی ووڈ اداکارہ سکارلٹ جانسن نے خاموشی سے تیسری شادی کرلی۔سکارلٹ جانسن نے پہلی شادی کینیڈین سٹار ریان رونلڈس سے 2008 میں کی تھی، دونوں کے درمیان شادی سے 2 سال قبل ہی تعلقات استوار ہوئے تھے اور 2007 میں منگنی کرنے کے بعد انہوں نے اگلے سال ہی شادی کی تھی۔


تاہم سکارلٹ جانسن کی پہلی شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور انہوں نے 2010 میں شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی اور 2011 میں ان کی طلاق ہوگئی تھی۔پہلی شادی کی ناکامی کے ایک سال بعد ہی اداکارہ نے فرانسیسی صحافی رومین ڈیوریک سے تعلقات استوار کیے اور دونوں نے 2012 میں شادی کی تھی۔جوڑے کے ہاں ایک بچی بھی ہوئی لیکن ان دونوں کی شادی بھی زیادہ عرصے تک نہ چل سکی اور 2014 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔


دونوں شادیاں ناکام ہونے کے بعد سکارلٹ جانسن کی جانب سے دیگر چند ساتھی اداکاروں سے تعلقات استوار کرنے کی خبریں بھی آتی رہیں تاہم ان کی تصدیق نہ ہوسکی تھی لیکن گزشتہ برس مئی میں اداکارہ نے دیرینہ دوست ٹی وی اداکار و کامیڈین کولن جوسٹ سے منگنی کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔اور اب دونوں نے اچانک شادی کرکے اپنے مداحوں کو ایک بار پھر حیران کردیا۔امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دونوں نے اکتوبر کے آخری ہفتے میں خاموشی سے شادی کرلی۔

مزیدخبریں