ممبئی:بھارت کے پنجابی گلوکار میکا سنگھ کی اداکارہ شیفالی جری والا کے ساتھ بے باک تصاویر نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کےمطابق میکا سنگھ اور شیفالی جری والاکی زبردست کیمسٹری والی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ وہیں اب شیفالی نے بھی تصویر وں پر اپنے ردعمل کا اظہار کردیا ہے۔
کانٹا لگا گرل کے نام سے مشہور اداکارہ اور ڈانسر شیفالی جری والا ریئلٹی شو بگ باس 13میں بطور کنٹسٹنٹ پہنچ کے زبردست شہرت حاصل کرچکی ہیں۔
بگ باس کے گھر سے نکلنے کے بعد شیفالی کسی بڑے پراجیکٹ کا حصہ بنتی ہوئی نہیں نظر آئی ہیں۔ حالانکہ، وہ آئے دن کسی نہ کسی وجہ سے سرخیوں میں ضرور رہتی ہیں۔
حال ہی میں شیفالی جری والا کی کچھ بے باک تصویریں انٹرنیٹ پر تہلکہ مچا رہی ہیں۔ ان تصویروں میں وہ معروف سنگر میکا سنگھ کے ساتھ نظر آرہی ہیں۔
گزشتہ دنوں میکا سنگھ اور شیفالی جری والا نے اپنے انسٹا گرام اکائونٹ پر کچھ تصویریں شیئر کی تھیں۔ ان تصویروں میں کبھی چھری لئے تو کبھی بیس بال بیٹ لے کر میکا سنگھ کو ٹیز کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
اداکارہ نے میکا سنگھ کے ساتھ بے حد بے باک پوز دے کر تصویریں بنوائیں اور ان تصویروں نے سوشل میڈیا پر زبردست ہنگامہ برپا کردیا ہے۔
دراصل یہ تصویریں میکا سنگھ اور شیفالی کے آنے والے میوزک ویڈیو کا حصہ ہیں۔ شیفالی جری والا اور پنجابی سنگر میکا سنگھ جلد ہی ایک میوزک ویڈیو میں نظر آنے والے ہیں۔ سوشل میڈیا پر دونوں شخصیات نے اس بات کا اشارہ بھی دیا ہے۔
ان تصاویر پر ردعمل دیتے ہوئے شیفالی نے سپاٹ بوائے کو بتایا کہ میکا سنگھ اور میں 15 سالوں سے دوست ہیں۔ ہم دونوں نے ایک ساتھ پوری دنیا کے کئی مقامات پر اپنے شوز کے لئے سفر بھی کیا ہے۔
ہم ہمیشہ سے چاہتے تھے کہ ایک ساتھ مل کر کچھ دلچسپ بنائیں۔ ہم جب بھی ملتے تھےاس کے بارے میں غوروخوض کرتے تھے، لیکن پھر اپنی اپنی زندگی میں مصروف ہوجاتے تھے۔
شیفالی نے کہا کہ میں جیسے ہی بگ باس سے نکل کر آئی ویسے ہی لاک ڈائون کااعلان ہوگیا۔ اس دوران ہمارے درمیان بات چیت بڑھی۔
پھر ہم نے طے کیا کہ جہاں ساری چیزوں کی رفتار دھیمی ہوگئی ہے، وہیں ہم ساتھ میں کچھ نیا کرتے ہیں۔ میں نے فوراً ہاں بول دیا، لیکن مجھے نہیں معلوم تھا کہ وہ اسے اتنا سنجیدہ لے لے گا۔
یادرہے کہ میکا سنگھ پر بھارتی تنظیم فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائز (ایف ڈبلیو آئی سی ای) نے پاکستان میں پرفارمنس کرنے پر بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔
یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا تھا جب میکا سنگھ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ان کی جانب سے پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایک تقریب میں کی جانے والی پرفارمنس کو دیکھا گیا تھا۔