لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ٹی وی سپورٹس اور آئی میڈیا کمیونیکیشن سروسز کے ساتھ 200 ملین امریکی ڈالرز پر مشتمل تین سالہ معاہدے سے متعلق ایک بار پھر وضاحت کردی ہے،پی سی بی پہلے بھی اس معاہدے سے متعلق وضاحت کرچکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی وی سپورٹس اور آئی میڈیا کمیونیکیشن سروسز کے ساتھ یہ معاہدہ براڈکاسٹ اور ڈسٹری بیوشن دونوں کا مجموعہ ،معاہدے کے تحت پی سی بی نے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل میچوں سے متعلق اپنا تیار کردہ مواد نشر کرنے کے لیے پی ٹی وی سے ائیر سپیس حاصل کی ہے ۔
پی سی بی کے تیار کردہ اس مواد کو ملک بھر کے کیبل آپریٹرز میں تقسیم کرنا آئی میڈیا کمیونیکیشن سروسز کی ذمہ داری ہے، جو صرف لائسنس یافتہ آپریٹر کو ہی یہ مواد دے گا،پی ٹی وی سپورٹس پی سی بی کا ڈومیسٹک براڈکاسٹ پارٹنر ہوگا، جو پی سی بی کے ساتھ ریونیو کا تبادلہ کرے گا ۔
پی ٹی وی اسپورٹس کی ڈیجٹلایزیشن کے تحت صرف لائسنس یافتہ کیبل آپریٹرز کو ہی آئی میڈیا کمیونیکیشن سروسز کی جانب سے پی سی بی کا مواد فراہم کیا جائے گا۔
معاہدے کے تحت پی سی بی پی ٹی وی سپورٹس کے عملے کو تکنیکی تربیت فراہم کرنے کی غرض سے سرمایہ کاری کرنے کے ساتھ ساتھ اس چینل کو ایس ڈی سے ایچ ڈی میں تبدیل کرنے میں بھی معاونت کرے گا۔اگر کسی کیبل صارف کو پی ٹی وی سپورٹس پر پی سی بی کا تیار کردہ مواد میسر نہیں تو اسے فوری طور پر اپنے کیبل آپریٹر سے رابطہ کرکے یہ جاننا چاہیے۔