سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی انتظامیہ کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کنگ عبداللہ آب زمزم کی سبیل کا دورہ کیا ہے۔ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس آب زمزم سبیل کی نگران کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں۔
انہوں نے شاہ عبداللہ آب زمزم کمپلیکس میں کارکنان کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ مقررہ سکیموں کے مطابق تیاریوں کی بارے میں معلومات حاصل کیں۔
ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے نگراں کمیٹی کے ارکان کے ساتھ اجلاس کی جس میں آب زمزم سبیل کی خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی تدابیر کا جائزہ لیا گیا۔
ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کا کہنا تھا کہ انتظامات کے لیے کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز پروجیکٹ برائے آب زمزم قائم کیا گیا ہے۔ یہ جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے۔ کنگ سلمان اور ولی عہد اس پروجیکٹ میں نجی دلچسپی رکھتے ہیں۔
ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے پروجیکٹ کے منتظمین سے کہا کہ وہ یہاں نوجوانوں کو کام کے مواقع فراہم کریں۔اس منصوبے میں مختلف شعبوں کے ماہر درکار ہیں۔ اس حوالے سے متعلقہ نوجوانوں کے ہنر اور تجربے سے فائدہ اٹھایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہاں کام کو مزید بہتر، موثر، منظم اور آسان بنانے کے لیے تجاویز دی جائیں۔ اصولی طریقے سے اس کا جائزہ لیا جائے گا۔
ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کارکنان سے کہا کہ وہ زیادہ محنت کریں اور جبکہ عمرہ اور زیارت کا سلسلہ تدریجی طور پر بحال ہورہا ہے۔ ایسے ماحول میں کام زیادہ تندہی سے کرنا ہوگا۔