لاہور:ایل سی سی اے گرائونڈ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن سندھ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ناردرن نے 215 رنز کا ہدف 2 گیندیں قبل 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
عبدالفصیح نے 78 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ مبصر خان 45 رنز بناکر آو ٹ ہوئے۔سندھ کے ذیشان ضمیر نے 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔اس سے قبل سندھ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے۔غازی غوری 42 اور طلحہٰ حسن 41 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔مبصر خان، عادل ناز اور مہران ممتاز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
مریدکے کنٹری کلب میں کھیلے گئے میچ میں سنٹرل پنجاب نے بلوچستان کو 25 رنز سے ہرادیا۔210 رنزکے تعاقب میں بلوچستان کی پوری ٹیم 47.4 اوورز میں 184 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
محمد سلمان 55 رنز بناکر نمایاں رہے۔ارحم نواب اور حسنات عباس نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے محمد وقاص کے 59 اور افضال منظور کے 45رنز کی بدولت 209 رنز بنائے۔ عبدالغفار اور جہانگیر خان نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
رانا نوید الحسن کرکٹ اکیڈمی شیخوپورہ میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا نے معاذ صداقت کی آل راو نڈ کارکردگی کی بدولت سدرن پنجاب کو 49 رنز سے ہرادیا۔ 247 رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 197 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔
شاہد عزیز ، ذیشان احمد اور معاذ صداقت نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔محمد عمار نے 68 رنز بنائے۔ اس سے قبل معاذ صداقت کے 116 رنز کی مدد سے کے پی کے نے مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز بنائے تھے۔ سلمان خان 58 رنز بناکر ناٹ آو ٹ رہے۔ فیصل اکرم اور جہانزیب رزاق نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔