قائمہ کمیٹی نے ٹرین حادثہ پر وزارت ریلوے سے رپورٹ طلب کرلی

قائمہ کمیٹی نے ٹرین حادثہ پر وزارت ریلوے سے رپورٹ طلب کرلی

اسلام آباد:قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف نے پابندی کے باوجودگیس سلنڈر ٹرین میں لیجانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزارت ریلوے سے تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی۔


 جمعرات کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین ریاض فتیانہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا،جس میں کمیٹی ارکان کے علاوہ وزارت قانون و انصاف کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ کمیٹی میں رحیم یار خان میں تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کیلئے فاتحہ کی گئی۔ کمیٹی نے متفقہ طور پر سفارش کی کہ وزارت ریلوے حادثے کی مکمل تحقیقات کرے اور تحقیقاتی رپورٹ کمیٹی میں پیش کی جائے اور بتایا جائے کہ گیس سلنڈر کیوں اور کیسے ٹرین میں لائے گئے جب پاکستان میں اسی پابندی عائد ہے۔

مزید برآں کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ وزارت ریلوئے بتائے پابندی کے باوجود گیس سلنڈر کیوں اور کیسے ٹرین میں لائے گئے ۔ کمیٹی میں انکشاف ہوا کہ بلوچستان یونیورسٹی میں خواتین کے واش رومز میں بھی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جس پرکمیٹی نے برہمی کا اظہار اوروزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کو تحقیقات کروانے اور تحقیقاتی رپورٹ کمیٹی میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔

 کمیٹی نے ملک بھر میں پرائیوٹ گرلز ہاسٹلز میں خواتین کو ہراساں کئے جانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور سفارش کی کہ ویمنز ہاسٹلز کو رجسٹر اور مانیٹر کرے کرنے کیلئیریگولیٹری اتھارٹیز بنائی جائیں تاکہ پرائیویٹ سیکٹر میں قائم ہاسٹلز سے ملنے والی شکایات کی روک تھام اور ازالہ کیا جاسکے ۔