تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد 70 ہو گئی

10:21 AM, 31 Oct, 2019

لیاقت پور :کراچی سے لاہور جانے والی تیزگام ٹرین میں آگ بھڑک اُٹھی, حادثے میں 70 افراد جاں بحق اور  متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔تفصیلات کے مطابق آگ کراچی سے لاہور جانے والی ٹرین میں بھڑک اٹھی ۔آگ ٹرین کی اکانومی کلاس میں لگی   اور مسافروں نے ٹرین سے چھلانگیں لگا کر جانیں بچائیں۔ 

ریسکیو 1122 کے مطابق آگ ٹرین میں سوار مسافروں کے گیس سلنڈر کے پھٹنے سے لگی ، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تین بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،ذرائع کے مطابق تبلیغی جماعت کے مسافر اجتماع میں شرکت کے لیے جارہے تھے ۔جن کے پاس گیس سلنڈر بھی موجود تھا۔مسافر صبح سویرے گیس سلنڈر جلاکر ناشتہ بنا رہے تھے کہ اچانک سلنڈر پھٹ گیا ۔

سی ای او ریلوے اعجاز احمد کے مطابق مسافر ٹرین میں سلینڈر دھماکے سے تین بوگیوں کو آگ لگی جس میں دو اکنامی اور ایک بزنس کلاس بوگی شامل ہے جب کہ حادثے سے کوئی ٹریک متاثر نہیں ہوا اور ٹرینیں شیڈول کے مطابق چل رہی ہیں۔

ریلوے حکام نے مزید بتایا کہ آگ ٹرین کی بوگی نمبر 3، 4، 5 میں لگی۔ تینوں متاثرہ بوگیوں کے زیادہ تر ٹکٹس ایک ہی مسافر کے نام پر بک کرائے گئے تھے جس وجہ سے انفرادی نام نکالنے میں مشکل ہو رہی ہے۔

ریلوے ذرائع کے مطابق متاثرہ ٹرین سے جلی ہوئی بوگیاں الگ کر کے ٹرین روانہ کر دی گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے حادثے پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بھی حادثے پر دلی دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کے لیے جلد صحت یابی کی دعا ہے۔

مزیدخبریں