اسلام آباد: احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں 6 نومبر تک کی توسیع کر دی۔
واضح رہے کہ شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کے سلسلے میں 5 اکتوبر سے قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحویل میں ہیں۔ 29 اکتوبر کو لاہور کی احتساب عدالت نے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے ان کا 3 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا تھا جس کے بعد انہیں اسلام آباد لایا گیا اور منسٹر انکلیو میں موجود ان کی رہائش گاہ کو ہی سب جیل قرار دے دیا گیا تھا۔
نیب نے آج شہباز شریف کے 3 روزہ راہداری ریمانڈ کے خاتمے پر انہیں اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا۔
دوران سماعت نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف 7 نومبر تک جسمانی ریمانڈ پر ہیں جس کے بعد انہیں لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کرنا ہے۔
جس پر جج محمد بشیر نے شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں 6 نومبر تک کی توسیع کر دی۔