اسلام آباد:پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر مشرف رسول سیان نے نیویارک میں دو پاکستانی شہریوں کے جسدخاکی رہ جانے والے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی آخری رسومات تک تمام انتظامات خود کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق جناب بدر نعمان کی میت ان کے اہل خانہ کی ہدایت کے مطابق امریکہ میں میری لینڈ کے مسلم قبرستان میں دفنائی جائے گی جبکہ جناب ناصر علی مرحوم کاجسد خاکی اتحاد ائر لائن کی پرواز کے ذریعے یکم نومبر کو لاہور پہنچایا جائے گا۔پی آئی اے تدفین اور جسد خاکی وطن واپس لانے کے تمام اخراجات خود ادا کرے گی۔
واقعہ کی تحقیقات کے مطابق یہ نا خوشگوار واقعہ نیویارک میں پی آئی اے کو خدمات فراہم کرنے والی غیر ملکی گراونڈ ہینڈلنگ ایجنسی کی لاپرواہی کے باعث پیش آیا جس پر اس کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔پی آئی اے غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں شریک اور ان سے اظہار افسوس کرتی ہے۔پی آئی اے اس سلسلے میں غمزدہ خاندانوں سے دلی طور پر معذرت خواہ ہے۔