عجمان میں 10 لاکھ درہم کے زیور اور نقدی چرانے والی ایشیائی خاتون گرفتار

عجمان میں 10 لاکھ درہم کے زیور اور نقدی چرانے والی ایشیائی خاتون گرفتار

عجمان: عجمان پولیس کے سراغ رسانوں نے نقدی اور 10 لاکھ درہم مالیت کے زیور چرانے والی ایشیائی خاتون کو گرفتار کرلیا ۔ ایشیائی خاتون نے عجمان کے ایک فلیٹ میں واردات کی تھی۔

سراغ رساں ادارے کے ڈائریکٹر احمد النعیمی نے اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ ہمیں ایک ایشیائی شہری نے رپورٹ دی تھی کہ کوئی نامعلوم شخص اس کی غیر موجودگی کے دوران فلیٹ میں داخل ہوا اور اس کی تجوری سے 945.5 ہزار درہم اور 150 ہزار درہم مالیت کے سونے کے زیورات چوری کرکے لے گیا۔ پولیس نے رپورٹ کی تصدیق کرلینے پر واردات کرنے والے کا پتہ لگانے اور گرفتار کرنے کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی ۔ پوچھ گچھ پر پتہ چلا کہ اس واردات میں ایک خاتون کا ہاتھ ہے۔ عمارت کے چوکیدار نے بتایا کہ ایک خاتون ٹیکسی سے اتر کر عمارت میں گئی تھی اور وہ تجوری لے کر نکلی تھی۔ تھوڑی دیر کے بعد ایک بکس بھی اس کے ہاتھ میں دیکھا گیا تھا جس پر کپڑا چڑھا ہوا تھا۔

پولیس نے اس اطلاع کے بعد دیگر معلومات حاصل کرکے پتہ لگالیا کہ خاتون کا تعلق افغانستان سے ہے اور وہ عمر کے دوسرے عشرے میں ہے۔ شارجہ میں سکونت پذیر ہے۔ واردات میں اس کا ایک رشتہ دار برابر کا شریک تھا۔ دونوں کو گرفتار کرلیاگیا۔ معاملہ پبلک پراسیکیوٹر کے سپرد کردیاگیا۔