زرعی اصلاحات، مستقل بنیادوں پر عملی اقدامات ضروری:شہباز شریف

10:59 PM, 31 May, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ  ملک کی  ترقی زرعی شعبے کی جدت کے بغیر ممکن نہیں ہے۔انہو ں نے مزید کہاکہ   رواں سال گندم کی تاریخی پیداوار موجودہ حکومت کے کسان پیکیج کی بدولت ممکن ہوئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی  صدارت میں  زرعی شعبے کے حوالے سے بجٹ تجاویز پر اجلاس ہوا۔ اس میں بات کرتے ہوئے  وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا زراعت کا شعبہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ کھاد پر سبسڈی براہ راست کسانوں تک پہنچائی جائے۔ معیاری بیج کی فراہمی، جدید مشینری، ایکسٹینشن سروسز اور زرعی تحقیق کیلئے وسائل بجٹ میں مختص کئے جائیں گے، زرعی اصلاحات پر سیاست سے ہٹ کر مستقل بنیادوں پر عملی اقدامات ضروری ہیں۔

شہباز شریف نے ہدایت کی   ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے بجٹ میں عملی اقدامات کئے جائیں۔ ان کاکہناتھا کہ گزشتہ حکومت نے ہمارے بنائے گئے زرعی تحقیقی اداروں کو دانستہ طور پر تباہ کیا، ایگری کلچر پالیسی انسٹیٹیوٹ کو فوری طور پر فعال کیا جائے۔رواں سال ہم نے گندم، کپاس اور کماد کی بہترین امدادی قیمت سے کسان کی خوشحالی یقینی بنائی۔


وزیرِ اعظم نے کہاحکومت خوردنی تیل کی پیداوار بڑھا کر پاکستان کو اس میں خود کفیل کرے گی۔ان کاکہنا تھا کہ  حکومت یقینی بنائے گی کہ کسانوں کو بروقت اور آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جائیں۔

مزیدخبریں