لاہور:وزیر اعظم شہبازشریف نے بیلاروس کے ساتھ اقتصادی، زرعی، سائنس اور ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، ثقافت اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیاہے۔
وزیراعظم شہبازشریف سے لاہور میں بیلاروس کے وزیرخارجہ سرگئی ایلینک نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے اس بات پر زوردیا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ اپنے خوشگواراورکثیرالجہتی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے بیلاروس کے ساتھ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔بیلا روس کےوزیر خارجہ ایلینک نے وزیراعظم کو صدر لوکاشینکو کا تہنیتی پیغام پہنچایا جس میں کہا گیا کہ بیلاروس پاکستان کو خطے کا ایک اہم ملک سمجھتا ہے ۔
وزیراعظم نے بیلاروس کے وزیر خارجہ کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔پاکستان اور بیلاروس کی 2024 میں سفارتی تعلقات کے قیام کی 30 ویں سالگرہ کے تناظر میں وزیر اعظم نے مسلسل اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں اور دیگر سرگرمیوں کا خیرمقدم کیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے بیلاروسی صدر کو جلد ازجلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔