لاہور:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے لانگ مارچ ٹو سے قبل ہی بڑی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان تحریک انصاف کو کہنا چاہتا ہوں کہ وہ دوبارہ لانگ مارچ کا اعلان نہ کریں اور اگر اعلان کیا تو اس سے نمٹیں گے ۔
ٹویٹر پر بیان میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے تحریک انصاف کو ایک اور لانگ مارچ کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو وارننگ دیتا ہوں ایک اور لانگ مارچ کا اعلان نہ کرے ، جب بھی لانگ مارچ کا اعلان ہوگا اس سے نمٹیں گے ، پی ٹی آئی کو آنے دیں ،دیکھتا ہوں اس بار رکاوٹیں کیسے ہٹاتےہیں۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آنکھیں بند کر کے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی پریس کانفریس سنیں تو لگے گا کہ وہ بانی متحدہ ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران فاروق کے قتل کے بعد بانی متحدہ بھی اسی طرح رو پیٹ رہے تھے، آپ نے نہتے لوگوں پر تشدد کیا اور خواتین کی بے حرمتی کی، پی پی نے لانگ مارچ کیا تو عمران خان نے چیئرمین سی ڈی اے کو کہا کہ ان کو سہولت دیں، اس حکومت کی بدمعاشی اور تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔