لاہور:پاکستان میں فیس بک کا دفتر کھولنے کے حوالے سے گزشتہ دو تین دنوں سے یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ فیس بک اپنا دفتر پاکستان میں بھی کھولنے جا رہا ہے لیکن اب ایف آئی اے کی طرف سے اس خبر کی تردید کر دی گئی ہے کہ فیس بک کی طرف سے پاکستان میں دفتر کھولنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے حکام کی طرف سے اب اس خبر کی تردید سامنے آ گئی ہے جس میں ایف آئی اے کے ایک اہلکار کا نام لیکر یہ جھوٹی من گھڑت خبریں چلائیں گئی ہیں کہ فیس بک اپنا دفتر پاکستان میں کھولنے جا رہا ہے ،ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے ایسی کسی خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے اور نہ ہی ایف آئی اے کی جانب سے ایسا کوئی سرکاری بیان سامنے آیا ہے ۔
واضح رہے گزشتہ روز پاکستان میں فیس بک کا دفتر کھولنے کے حوالے سے ایک جعلی خبر میڈیا میں گردش کر رہی تھی،خبر میں ایف آئی اے کے ایک افسر کا نام بھی شائع کیا گیا جو گمراہ کن ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ادارہ اس جعلی خبر کی سختی سے تردید کرتا ہے اور بغیر تصدیق کیے ایسی بے بنیاد خبروں کی اشاعت کی شدید مذمت کرتا ہے۔