لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری کیخلاف کیس میں صدر مملکت اور گورنر پنجاب کو فریق بنانے کا حکم دیتے ہوئے عدالتی کارروائی کل تک ملتوی کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز کے حلف کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ (ق) سمیت دیگر کی اپیلوں پر سماعت ہوئی جس دوران پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ آئین میں اس بات کی گنجائش نہیں کہ سپیکر قومی اسمبلی وزیراعلیٰ سے حلف لے۔
وفاقی حکومت کے وکیل نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیس میں گورنر کی بجائے وفاقی حکومت کو فریق بنانا زیادہ ضروری ہے جس پر لارجر بینچ نے پی ٹی آئی کے وکیل کو صدر مملکت اور گورنر پنجاب کو فریق بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپیل میں ترمیم کرکے صدر اور گورنر کو فریق بنائیں، ہم صدر اور گورنر کو بھی سننا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو 2 جون کو پانچ مخصوص نشستوں پر اراکین اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے متعلق درخواست کا فیصلہ کرنے کا حکم بھی دیدیا ہے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کیوں کارروائی نہیں کر رہے جس پر وکیل نے جواب دیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی درخواست موصول ہوئی جبکہ مسلم لیگ (ن) نے نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کی درخواست کی ، یہ معاملہ سننے کیئے مقرر کر دیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو 2 جون کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی درخواستوں کو سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا ہے۔