انتشار اور خلفشار زدہ ایک ووٹ کی حکومت اپنی سیاسی قبر خود کھود کر رہے گی: شیخ رشید

12:54 PM, 31 May, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری ایک ووٹ کی اکثریت قائم رکھنے کیلئے دربدر دھکے کھا رہا ہے۔ یہ انتشار اور خلفشار زدہ ایک ووٹ کی حکومت عنقریب اپنی سیاسی قبر خود کھود کر رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ حکومت غیرملکی دوروں میں اپنی کمپنی کی مشہوری کے علاوہ کچھ نہیں کر رہی، پچھلے ڈیڑھ مہینے سے بلاول پاکستان سے باہر ہے لیکن سازش سے آئی ہوئی حکومت لوگوں کو بیوقوف نہیں بنا سکتی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہے جبکہ مہنگائی اور بے روزگاری ان سب کو سیاسی طور پر لے ڈوبے گی، اب یہ بھی ثابت ہو گیا ہے کہ یہ انٹرنیشنل بھکاری ہیں اور وقت آنے پر اپنے کپڑے بیچنے کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ 
شیخ رشید نے کہا کہ آصف علی زرداری ایک ووٹ کی اکثریت قائم رکھنے کیلئے در بدر دھکے کھا رہا ہے، آصف زرداری نے اپنا بیٹا وزیرخارجہ لگایا ہوا ہے اور شہباز شریف نے وزیراعلیٰ، جبکہ تیسرے نے وزیر مواصلات، اور لوگ کھائیں دھکے اور لوڈشیڈنگ میں گزارا کریں۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میں اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کی خاطر سپریم کورٹ جا رہا ہوں اور مجھے امید ہے کہ 31 کروڑ ڈالر سالانہ پاکستان بھیجنے والے کسی بھی پاکستانی سے کم محب وطن نہیں ہیں اور ان کا ووٹ پر پہلے حق ہے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ ساری سامراجی طاقتیں بھی موجودہ حکومت کے پیچھے کھڑی ہوجائیں تو اسے بچا نہیں سکتیں، یہ انتشار اور خلفشار زدہ ایک ووٹ کی حکومت عنقریب اپنی سیاسی قبر خود کھود کر رہے گی۔

مزیدخبریں