لاہور: چینی کمپنی شیاؤمی نے دنیا کی تیز ترین چارجنگ ٹیکنالوجی متعارف کرا دی ہے جس کے ذریعے 4000 ایم اے ایچ بیٹری کو محض 8 منٹ میں مکمل چارج کیا جا سکتا ہے۔
شیاؤمی ہی وہ پہلی کمپنی نے جس نے بجٹ سمارٹ فونز میں بڑی بیٹریوں کا رجحان دیا اور بعد ازاں دیگر کمپنیاں بھی اس اقدام کی پیروی پر مجبور ہو گئیں اور اب اس نے 200 واٹ چارجنگ ٹیکنالوجی ’ہائپر چارج‘ متعارف کرا دی ہے جو 4000 ایم اے ایچ بیٹری کو محض 8 منٹ میں مکمل چارج کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
کمپنی نے ایک ٹوئٹ میں تیز ترین ٹیکنالوجی ”ہائپر چارج“ کو متعارف کرایا اور ایک اس کے ٹیسٹ کی ویڈیو شیئر کی جس میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری کے حامل ”Mi 11 Pro “ سمارٹ فون کی بیٹری کو وائر چارجر کے ساتھ 200 واٹ پر چارج کیا گیا اور یہ صرف 8 منٹ میں مکمل چارج ہو گئی۔
اسی طرح مذکورہ سمارٹ فو ن کو 120 واٹ پر وائرلیس چارجنگ ٹیسٹ کا مظاہرہ بھی کیا گیا جس کا نتیجہ بہت متاثرکن رہا اور صرف 15 منٹ میں بیٹری مکمل چارج ہو گئی اور یوں یہ نتائج تیز ترین وائرڈ اور وائرلیس چارجنگ کے حوالے سے عالمی ریکارڈز سمجھے جا سکتے ہیں۔
200 واٹ ہائپر چارجر کو بیٹری کو صفر سے 10 فیصد تک چارج کرنے میں صرف 44 سیکنڈ لگے جبکہ 3 منٹ میں وہ 50 فیصد تک چارج ہوگئی۔اسی طرح وائرلیس ٹیسٹ میں بیٹری نے صفر سے 10 فیصد تک چارج ہونے میں ایک منٹ لیا اور50 فیصد صرف 7 منٹ میں ہو گئی۔
Charge up to 100% in just 8 minutes using wired charging and 15 minutes wirelessly! #XiaomiHyperCharge
— Xiaomi (@Xiaomi) May 31, 2021
Too good to be true? Check out the timer yourself! #InnovationForEveryone pic.twitter.com/muBTPkRchl
کمپنی کی جانب سے اس کی مزید تفصیلات بتائی گئی ہیں اور نہ ہی یہ معلوم ہے کہ کب تک اسے عام صارفین تک پہنچایا جائے گا جبکہ اس کی قیمت سے متعلق بھی کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا تاہم یہ ٹیکنالوجی خاصی کارآمد ہے اور شائقین کی جانب سے اسے خوب پذیرائی مل رہی ہے۔