اسلام آباد ،ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے فائزر ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی۔
فائزر کی ایم آر این اے ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری ڈریپ کے رجسٹریشن بورڈ نے دی جس کے بعد فائزر ویکسین ملک میں 12 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو لگائی جائے گی۔
حکام کے مطابق فائزر ویکسین خصوصی افراد بشمول کمزور قوت مدافعت والے مریضوں کو لگائی جائے گی جبکہ یہ ویکسین 40 سال سے کم عمر حاملہ خواتین کو بھی لگے گی۔
حکام نے بتایا کہ حج پر جانے والے 40 سال سے کم عمر افراد کو بھی فائزر ویکسین لگائی جاسکتی ہے۔
حکام کے مطابق بااثر افراد نے فائزر ویکسین لگانے کیلئے سفارشیں شروع کر دی ہیں جس کے بعد ویکسین کے استعمال کی سختی سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ فائزر ویکسین کے غیر مستحق افراد کو لگنے سے روکنے کیلئے سخت اقدامات کریں گے۔
خیال رہے کہ ڈریپ اب تک چین کی تین، ایک برطانوی اور ایک روسی ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے چکی ہے۔
کوویکس پروگرام کے تحت پاکستان کو اب تک فائزر ویکسین کی ایک لاکھ 6 ہزار خوراکیں مل چکی ہیں۔