وزیراعظم عمران خان پانی کے معاملے پر صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں: وزیر مملکت فرخ حبیب

وزیراعظم عمران خان پانی کے معاملے پر صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں: وزیر مملکت فرخ حبیب
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان پانی کے معاملے پر وہ اقدامات کر رہے ہیں جو سابقہ حکمرانوں نے نہیں کئے، وزیراعظم نے اس دہائی کو ڈیمز بنانے کی دہائی قرار دیا ہے اور وہ پانی کے معاملے پر تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے وزیر آبپاشی پنجاب محسن لغاری اور اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے اس دہائی کو ڈیمز بنانے کی دہائی قرار دیا ہے اور وہ اس کیلئے عملی اقدامات بھی کر رہے ہیں۔ 
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو اپنا فارمولا سمجھنا چاہئے کہ جب بارش کم آتا ہے تو پانی بھی کم آتا ہے، سندھ حکومت نے صوبے میں پانی کی تقسیم کم کی ہے تاہم پنجاب میں پانی کی کمی سندھ کی نسبت زیادہ ہے۔
وزیرآبپاشی پنجاب محسن لغاری نے کہا کہ ہم ملک کے کسی بھی کسان کا پانی کے حوالے سے حق مارنے کا سوچ بھی نہیں سکتے اور صوبوں کو اس بات کی اجازت ہے کہ پانی کو وہ کس طرح استعمال کرنا چاہیں، ارسا کوخود مختار باڈی بٹھا کر دیکھنا چاہیے کہ اس وقت کون سا پانی کہاں جا رہا ہے۔ 
اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا سندھ نے صوبے پر پچھلے چار سال میں 7 ہزار ارب میں سے صرف 700 ارب لگا ئے اور باقی کرپشن کی نذر ہوئے، پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب اور سندھ کو لڑا کر سیکیورٹی رسک بن رہی ہے، اصل پانی چور سندھ حکومت ہے۔