اسلام آباد: وزارت خارجہ پاکستان نے کہا ہے کہ کویت کی جانب سے پاکستان کیلئے ویزوں کی بحالی کے بعد خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانی تاجر اب کویت کا آن لائن ویزابھی حاصل کر سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کویت کیلئے ویزا بحالی پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کویت کے تعلقات مشترکہ عقائد اور اقدار پر مبنی ہیں، پاک کویت تعلقات کئی شعبوں میں فروغ پارہے ہیں اور اسی جذبے کے تحت کویت نے فیملی اور بزنس ویزے بحال کئے ہیں۔
واضح رہے کہ کویت نے 10 سال بعد پاکستانیوں کیلئے فیملی، بزنس اور ٹیکنیکل ویزا کی سہولت بحال کی ہے اور اس حوالے سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ وزیر داخلہ شیخ رشید نے کویت کے وزیراعظم شیخ صباح خالد الحامد الصباح سے ملاقات کی جس میں کویتی وزیر داخلہ اورپاکستانی سفیر بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پاک،کویت دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کی امور پر گفتگو کی گئی جبکہ وزیر داخلہ نے کویتی وزیر اعظم سے ویزا بحالی پر بھی بات چیت کی جبکہ وزیر داخلہ نے کویتی وزیر اعظم کو وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے دیا گیا خصوصی مراسلہ بھی پیش کیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 2011 سے بند پاکستانی شہریوں کیلئے کویتی ویزوں کی بحالی پر بڑی پیش رفت ہوئی ہے اور دونوں ممالک نے فیملی اور بزنس ویزا فوری بحال کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستانی ورکرز کو معاہدے کے مطابق کویتی ویزا جاری کرنے کا بھی فیصلہ ہوا ہے جبکہ خلیجی ممالک میں رہنے والے پاکستانی آن لائن ویزا لے کر کویت جا سکیں گے۔