پاکستان کا ایک عشرے بعد ویزے کی بحالی پر کویتی حکومت سے اظہار تشکر

07:49 PM, 31 May, 2021

اسلام آباد: پاکستان نے ایک عشرے بعد پاکستانی خاندانوں اور تاجروں کیلئے ویزے کی بحالی پر کویت کے تعاون کو سراہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے اپنے بیان میں کہا کہ دوسرے خلیجی ملکوں میں مقیم پاکستانی تاجر اب کویت میں داخلے پر آن لائن ویزا سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ کورونا وائرس کی پابندیوں کے باعث صرف کویتی باشندے ہی کویت میں داخل ہو سکتے ہیں تاہم طبی عملے کو استثنیٰ حاصل ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور کویت کے متعلقہ حکام مختلف شعبوں میں پاکستان سے افرادی قوت برآمد کرنے کیلئے طریقہ کار وضع کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ پاکستان اور کویت کے درمیان گہرے تعلقات ہیں جو مشترکہ مذہب اور اقدار کی بنیاد پر مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں بڑھتا ہوا تعاون دو طرفہ تعلقات کی علامت ہے۔

خیال رہے کہ کویت نے گزشتہ روز 10 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا کھولنے کا اعلان کر دیا تھا۔ یہ اہم فیصلہ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی کویتی وزیراعظم شیخ صباح خالد الحامد الصباح سے ملاقات میں ہوا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کویتی وزیراعظم سے ویزا بحالی پر بات چیت کی جبکہ انھیں وزیراعظم عمران کا خصوصی مراسلہ بھی پیش کیا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزا فوری طور پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستانی ورکرز کو معاہدے کے تحت کویتی ویزا بھی جاری کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ میڈیکل اور آئل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزا پر بھی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ خلیجی ممالک میں رہنے والے پاکستانیوں کے لیے آن لائن ویزا کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

اعدادوشمار کے مطابق سال 2010ء تک ایک لاکھ 80 ہزار پاکستانی کویت میں موجود تھے جبکہ 2011ء میں ویزوں پر پابندی کے بعد محض تین ہزار لوگ اس خلیجی ملک جا سکے ہیں۔

اس اہم اعلان کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کویتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا پاکستان کیساتھ پیار اور اعتماد کا رشتہ ہے جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں کیونکہ باہمی تعلقات کی بنیاد باہمی بھائی چارہ اور محبت ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانی کویت کو اپنا دوسرا گھرسمجھتے ہیں۔ پاکستانی خاندانوں اور کاروباری طبقے کو کویتی ویزا بندش سے بے پناہ مسائل درپیش تھے۔ کویت کی اولین ترقی میں ہمارے کارکنوں کا بہت اہم کردار ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ورکرز ویزا بحال ہونے سے پاکستانیوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے جبکہ کاروباری ویزا بحالی سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھے گی۔

مزیدخبریں