لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور جارح مزاج آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کے حصے میں جو شہرت آئی وہ کم کرکٹرز کو ہی نصیب ہوئی اور ریٹائرمنٹ کے بعد بھی اس کی کوئی کمی نہیں ہوئی، وہ جہاں بھی کھیلنے جاتے ہیں، تماشائی انہیں دیکھنے کیلئے کھنچے چلے آتے ہیں۔
پاکستان کے چیمپین کپتان یونس خان نے سٹیڈیم میں کراؤڈ کی جانب سے شاہد آفریدی کی بیٹنگ دیکھنے کیلئے بے چینی کا احوال سنایا ہے جن کا کہنا ہے کہ لوگ بے صبری سے شاہد آفریدی کی بیٹنگ کا انتظار کیا کرتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیل رہا تھا اور اس وقت ڈبل سنچری کے سنگ میل کے قریب تھا لیکن اس کے باوجود بھی کراؤڈ میں یہ آوازیں آ رہی تھیں کہ ’یونس خان کو آؤٹ کرو، محمد یوسف کو آؤٹ کرو۔‘
یونس خان نے بتایا کہ جب شاہد آفریدی بیٹنگ کیلئے آئے تو لوگوں نے ان کی بیٹنگ کو خوب انجوائے کیا لیکن جیسے ہی وہ آؤٹ ہوئے تو شائقین سٹیڈیم سے جانے لگے حالانکہ میں ڈبل سنچری جیسے سنگ میل کے قریب تھا اور جب اسے عبور کر لیا تو سٹیڈیم خالی ہو چکا تھا۔ یونس خان کیساتھ شاہد خان آفریدی بھی پروگرام میں موجود تھے جو یہ واقعہ سن کر بے ساختہ ہنستے رہے۔
واضح رہے کہ یونس خان کی ہی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے واحد ٹی 20 ورلڈکپ اپنے نام کیا تھا جبکہ اس ٹورنامنٹ میں شاہد خان آفریدی نے اپنی بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی بدولت پاکستان کو یہ اعزاز دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا جبکہ سری لنکا کیخلاف کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھی ان کی کارکردگی یادگار رہی تھی۔