اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 10 فیصد تک پہنچ گئی تھی لیکن اب کیسز کی مثبت شرح 4 فیصد پر آ گئی ہے۔
این سی او سی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کی صورتحال کے باعث حکومت کو سخت فیصلے کرنے پڑے۔سخت فیصلوں کے باعث کورونا کیسز میں کمی نظرآئی۔ اسدعمر نے کہا کہ پاکستان میں اب تک 70 لاکھ سے زائد ویکسی نیشن کی جاچکی ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ ویکسین لگوائیں۔ کورونا سے بچنے کا واحد راستہ ویکسی نیشن ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ پاکستان میں کورونا ویکسین لگانے کاسلسلہ تیز ہوگیا ہے۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ 3 لاکھ ویکسین لگائی گئی ہیں۔ ویکسین سے متعلق صوبائی حکومتوں سے رابطے میں ہیں۔ تمام پاکستانیوں کے لیے وفاقی حکومت مفت ویکسین فراہم کرے گی اور ویکسین کو عام لوگوں تک پہنچانے کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلائیں گے۔
اسد عمر نے کہا کہ چاہتے ہیں بڑی عید سے پہلے ایسی صورتحال پر پہنچیں تاکہ بندشیں نہ لگانا پڑیں۔ رواں سال کے آخر تک 7 کروڑ لوگوں کی ویکسی نیشن چاہتے ہیں۔
سربراہ این سی او سی اسد عمر کا کہنا تھا کہ پڑوسی ممالک کی نسبت کورونا سے پاکستان میں کم نقصان ہوا ہے۔ پاکستان میں 7 کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف ہے۔ 18سال سے زائد افراد کے لیے مفت ویکسین میسر ہوگی۔ جون اور جولائی میں 2 کروڑ ویکسین میسر ہوں گی۔
عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 43 اموات اور 2 ہزار 117 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 20 ہزار 779 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 21 ہزار 53 ہے۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 59 ہزار 33 ہے اور 8 لاکھ 41 ہزار 241 افراد کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 9 ہزار 999 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 5 ہزار 20، خیبرپختونخوا 4 ہزار 73، اسلام آباد 760، گلگت بلتستان 107، بلوچستان میں 277اور آزاد کشمیر میں 543 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 81 ہزار 195، خیبرپختونخوا ایک لاکھ 32 ہزار 549، پنجاب 3 لاکھ 39 ہزار 686، سندھ 3 لاکھ 17 ہزار 665، بلوچستان 25 ہزار 148، آزاد کشمیر 19 ہزار 232 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 578 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا کی ویکسینیشن جاری ہے اور 19 سال سے زیادہ عمر والے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔