حکومت آزاد کشمیر انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کر رہی ہے،راجہ پرویز اشرف  

02:23 PM, 31 May, 2021

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان کی حکومت آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان انتخابات کا انعقاد بہت ضروری ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ وادی میں بروقت انتخابات کرائے۔ حکومت نے گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے مختلف ضمنی الیکشن میں منفی ہتھکنڈے استعمال کئے۔ وفاقی حکومت کی کوشش ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھی دھاندلی کی جائے۔

راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے انتخابات کے نتائج بھی چرانا چاہتی ہے لیکن پیپلز پارٹی ان انتخابات کو جیتنے کی بھرپور پوزیشن میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہر بات پر میرٹ اور اصولوں کی بات کرتے تھے۔ وہ دعویٰ کرتے تھے کہ وہ ہمیشہ قانون کی بالادستی کی بات کریں گے لیکن ہمیں پتا چلا ہے کہ ان کی حکومت ووٹر لسٹوں میں تبدیلی کر رہی ہے، کیا یہ درست ہے؟

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کو جان بوجھ کر آگے کرنے کی کوشش کرنا کیا درست عمل ہے؟ وزیراعظم عمران خان نے جو بھی عوام سے وعدے کئے، ان کی حکومت اس کے الٹ کر رہی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں بھرپور ہارس ٹریڈنگ کی کوشش کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت لوگوں کو ڈرا دھمکا کر انہیں بلیک میل کرکے یا مقدمات بنا کر اپنا حصہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر میں تمام جماعتوں کیلئے برابر کے میدان کا اعلان ہونا چاہیے۔ آزاد کشمیر کے عوام کو حق ہے وہ جس پارٹی کو چاہیں ووٹ دے کر کامیاب کریں۔ وفاقی حکومت کے اقدامات پری پول رگنگ اور ٹیکنکل رگنگ کے مترادف ہیں۔

مزیدخبریں