حکمرانوں کو معیشت اور عوام کی تکالیف کا کوئی علم نہیں: شہباز شریف

Rulers have no knowledge of economy and suffering of people: Shahbaz Sharif
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی حکومت پر تنقید ، کہا حکمرانوں کو معیشت اور عوام کی تکالیف کا کوئی علم نہیں ہے ۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیون کے باعث عوام بھوک ، بے روزگاری اور دو وقت کی روٹی کو ترس رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے بحران کا سامنا ہے ۔

اپوزیشن لیڈر نے تبدیلی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جب حکمرانوں کے کرپشن سکینڈلز روز سامنے آئیں گے تو عوام کی روٹی روزانہ مہنگی ہی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ اضافی گندم پیدا کرنے والے ملک میں آٹے کی فراہمی کو جو حکومت یقینی نہ بنا سکے اس کی کرپشن اور نااہلی کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہو سکتا ہے ۔ شہباز شریف نے حکومت اور آئی ایم ایف کے معاہدوں پر بھی تنقید کی ۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کے آئی ایم ایف سے متعلق بیان کو حیرت انگیز قرار دیتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ آج تک پاکستان نے عالمی مالیاتی ادارے سے 13 ارب 79 کروڑ ڈالر قرض لیا ، ان میں سے پیپلز پارٹی نے 47 فیصد جبکہ ن لیگ نے 35 فیصد قرض لیا دیگر تمام حکومتوں نے مل کر 18 فیصد قرض لیا ۔

فواد چودھری نے مزید کہا کہ شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری شرمندگی سے بچنے کیلئے پہلے اپنے ریکارڈ دیکھ لیا کریں۔