ہم نے معیشت کو مستحکم کر لیا لیکن قرضے ابھی چڑھے ہوئے ہیں: وزیراعظم عمران خان  

12:03 PM, 31 May, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے معیشت کو مستحکم کر لیا ہے لیکن قرضے ابھی تک چڑھے ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں گرین یورو بانڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی بڑھ رہی ہے لیکن اس کیساتھ ساتھ وسائل بھی کم ہو رہے ہیں۔ ہمارے شہر انتہائی آلودہ ہو چکے ہیں، لاہور اس کی زندہ مثال ہے جو سب کے سامنے ہے۔ بدقسمتی سے ماضی میں ملک میں طویل المدتی منصوبہ بندی میں کمی تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم منصوبے شروع کر دیتے ہیں لیکن عمل سست روی کا شکار ہو جاتا ہے۔ مستقبل کیلئے طویل مدت کیلئے منصوبہ بندی کرنی پڑتی ہے لیکن بدقسمتی سے ماضی میں ایسا کبھی نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نئے شہروں کا قیام عمل میں لانا ہوگا۔ اس منصوبہ بندی سے ملکی دولت میں اضافہ ہوگا اور صنعتیں بھی بحال ہونگی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ دس سال میں 10 ڈیم بنائیں گے۔ دس ڈیم بننے سے ایک لاکھ ایکٹر زمین سیراب ہوگی۔ ڈیم بننے سے ناصرف ملک کی توانائی کی ضروریات پوری ہونگی بلکہ بجلی بھی ملے گی۔

عمران خان نے کہا کہ طویل مدتی منصوبہ بندی نہ ہونے سے پاکستان بنگلا دیش سے بھی پیچھے رہ گیا۔ ہم نے معیشت کو مستحکم کرلیا لیکن قرضے اب بھی چڑھے ہوئے ہیں۔ یکساں تعلیم کے ایشو پر ان کا کہنا تھا کہ سلیبس ایک جیسا نہ ہونے سے پاکستان میں تین قومیں بن رہی ہیں۔

مزیدخبریں