پاکستان میں کورونا کا زور ٹوٹنے لگا، گزشتہ چوبیس گھنٹے میں 43 اموات رپورٹ

10:30 AM, 31 May, 2021

لاہور: پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کا زور ٹوٹنا شروع ہو چکا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ روز 43 اموات سامنے آئیں جبکہ 2 ہزار 117 کیسز رپورٹ ہوئے۔ کورونا مثبت کیسوں کی شرح 4.05 فیصد رہی۔

اموات میں حالیہ اضافے سے ملک بھر میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد بیس ہزار سات سو اناسی تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد نو لاکھ اکیس ہزار ترپن ہے۔

ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسوں کی تعداد انسٹھ ہزار تیتیس اور آٹھ لاکھ اکتالیس ہزار دو سو اکتالیس افراد اس وبائی مرض سے صحتیاب ہو چکے ہیں۔

عالمی وبا کی وجہ سے سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں رپورٹ ہوئی ہیں جہاں نو ہزار نو سو ننانوے افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

صوبہ سندھ میں پانچ ہزار بیس، خیبر پختونخوا چار ہزار تہتر، اسلام آباد سات سو ساٹھ، گلگت بلتستان ایک سو سات، بلوچستان میں دو سو ستتر اور آزاد کشمیر میں پانچ سو سینتالیس افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کیسوں کی تعداد اکیاسی ہزار ایک سو پچانوے، خیبر پختونخوا ایک لاکھ بتیس ہزار پانچ سو انچاس، صوبہ پنجاب تین لاکھ انتالیس ہزار چھ سو چھیاسی، سندھ تین لاکھ سترہ ہزار چھ سو پینسٹھ، بلوچستان پچیس ہزار ایک سو اڑھتالیس، آزاد کشمیر انیس ہزار دو سو بتیس اور گلگت بلتستان میں پانچ ہزار پانچ سو اٹہتر افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔

اس وقت پورے ملک میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگانے کا سلسلہ زور وشور سے جاری ہے۔ اب 19 سال سے زیادہ عمر والے شہریوں کی ویکسی نیشن کی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں