امتحانات کی تیاری کیلئے نجی وسرکاری کالجز اور سکول کھل گئے  

Private and government colleges and schools were opened to prepare for the examinations
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پنجاب اور بلوچستان میں دسویں اور 12ویں جماعت کے امتحانات کی تیاری کیلئے تمام نجی و سرکاری کالجز اور سکول کھل گئے جبکہ خیبر پختونخوا میں بھی تدریسی عمل بحال ہو گیا۔

ادھر اسلام آباد میں دسویں اور بارہویں جماعت کی کلاسز آج سے شروع ہو گئی ہیں۔ تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

پانچ جون کے بعد اساتذہ اور عملہ بغیر ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے کالجوں میں نہیں آسکیں گے ۔

پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے ہدایات جاری کی ہیں کہ کورونا وائرس کے پیش نظر تمام تعلیمی اداروں میں ایس او پیز کا سختی سے دھیان رکھا جائے۔

خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر تعلیم نے بھی اپنے بیان میں تعلیمی ادارے کھلنے کی اطلاع دی اور کہا کہ یہ فیصلہ امتحانات کی تیاری کے لیے کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا تھا کہ کورونا کے کیسوں میں کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک بھر میں تمام کلاسیں باقاعدگی سے 7 جون سے کھول دی جائیں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا سے مزید 43 مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 20 ہزار ، 779 ہوگئی ۔

محکمہ صحت کے مطابق 24 گھنٹے میں 2 ہزار 117 نئے کیسز رپورٹ جبکہ 52 ہزار223 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.05 فیصد رہی ، متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 21 ہزار53 ہو گئی ۔

دوسری جانب کراچی کے ضلع وسطی میں کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر انتظامیہ نے 4 مختلف ٹاؤن میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ۔