نیویارک :دنیا میں کورونا کیسز کی تعداد 61 لاکھ 54 ہزار سے زائد ہوگئی اور 370918 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ27 لاکھ 34ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہوئے ۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکہ میں24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں اور جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 5 ہزار سے بڑھ گئی۔
امریکہ میں 18 لاکھ 16 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ۔برازیل امریکہ کے بعد چار لاکھ سے زائد کورونا کیسز والا دوسرا ملک بن گیا اور کیسز کی تعداد 4 لاکھ 99 ہزار تک پہنچ گئی جبکہ 28 ہزار 8سو سے زائد مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔
روس میں 3 لاکھ 96 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 4ہزار 5سو سے زائد اموات واقع ہوچکی ہیں۔برطانیہ میں2 لاکھ 72 ہزار سے زائد کورونا وائرس کے مریض ہیں اور 38 ہزار تین سوسے زائد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اٹلی میں کورونا وبا سے مزید 92 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 33 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ دو لاکھ 32 ہزار 664 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
فرانس میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 28 ہزار 7 سو سے بڑھ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 88 ہزار چھ سو سے زیادہ ہوگئی ۔
کورونا سے سپین میں مزید 74 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 27 ہزار ایک سو25 ہوگئی ہے اور 2 لاکھ 86 ہزار تین سے زائد افراد متاثر ہیں۔ دنیا بھر میں 27 لاکھ 34ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں ۔