انتخابات 2018 ‘مبصرین کے لیے 14 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری

انتخابات 2018 ‘مبصرین کے لیے 14 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری
کیپشن: اجازت نامے کے بغیر مبصرین کو انتخابی عمل کے مشاہدے کی اجازت نہیں ہوگی، الیکشن کمیشنفوٹؤ بشکریہ ای سی پی آفیسنل

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کی نگرانی کرنے والے مبصرین کے لیے 14نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔جمعرات کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق کے مطابق مبصرین کو اجازت نامے کے بغیر انتخابی عمل کے مشاہدے کی اجازت نہیں ہوگی اور اجازت نامے کو نمایاں طور پر آویزاں کرنا ہوگا۔

ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ مبصرین کو پاکستان کی سالمیت کے ساتھ عوام کے بنیادی حقوق کا خیال رکھنا ہوگا اور مبصرین انتخابی اہلکاروں کے اختیارات کا احترام کریں گے۔ضابطہ اخلاق کے مطابق مبصرین الیکشن کمیشن کی ہدایات پر عمل کرنے کے پابند ہوں گے اور ان کے مشاہدات مکمل غیر سیاسی، غیر جانبدار اور معروضی ہونے چاہیے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق میں مزید کہا گیا ہے کہ مبصرین میڈیا پر انتخابی عمل سے متعلق ذاتی رائے کا اظہار نہیں کرسکیں گے۔یاد رہے کہ ملک میں آئندہ عام انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے۔